نئی دہلی،28؍ نومبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) راشٹریہ جنتا دل کے سربراہ لالو پرساد یادو کو ضمانت کے لئے مزیدانتظار کرنا پڑے گا- دمکا خزانہ معاملے میں لالو یادو کے ذریعہ ضمانت کی درخواست دائر کی گئی تھی لیکن اس پر سماعت ملتوی کردی گئی ہے- اب اگلی سماعت جھارکھنڈ ہائی کورٹ میں 11دسمبر کو ہوگی-
اس سے پہلے بھی لالو کوضمانت کے لئے عدالت سے مایوسی ہوئی تھی- واضح رہے کہ دمکا معاملے میں لالویادو کو7سال کی سزا سنائی گئی تھی- لالو پرساد یادو کے وکیل نے سزا کی نصف مدت پوری ہونے کی بنیاد پر ضمانت کی درخواست دائر کی- اس سے قبل چارہ گھوٹالے سے منسلک چائباسا خزانے سے غیر قانونی رقم نکالنے کے معاملے میں لالو کو پہلے ہی ضمانت مل چکی ہے-